یَتنال کا چیلنج قبول کرتے ہوۓ شیو آنند پاٹل نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا
اگر یَتنال استعفیٰ دیتے ہیں تو میرا استعفیٰ قبول کیجیے
بنگلور، 2 مئی (حقیقت ٹائمز)
بی جے پی سے معطل متنازع رکن اسمبلی بسون گوڑا پاٹل یتنال کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور ریاستی وزیر شیو آنند پاٹل نے آج ریاستی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ اسپیکر یو ٹی قادر کو پیش کیا، جس نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ذرائع کے مطابق، چند دن قبل یتّنال نے شیو آنند پاٹل کو للکارتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمت ہے تو بسون باگیواڈی حلقے سے استعفیٰ دے کر دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھائیں۔ جواباً شیو آنند پاٹل نے اعلان کیا کہ وہ اسی حلقے سے دوبارہ الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں اور اپنا استعفیٰ پیش کر رہے ہیں۔شیو آنند پاٹل نے اسپیکر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہمیں نے اخلاقی طور پر استعفیٰ دیا ہے، لیکن درخواست ہے کہ یتّنال بھی اسمبلی سے استعفیٰ دیں۔ اگر وہ استعفیٰ دیتے ہیں تو اور ان کا استعفیٰ قبول کریں تو میرا استعفیٰ بھی قبول کیا جائے۔واضح رہے کہ دو دن قبل یتّنال نے ایک اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ شیو آنند پاٹل کا اصل خاندانی نام پٹیل نہیں ہے، انہوں نے سیاسی فائدے کے لیے یہ لقب اپنایا ہے۔ اگر ان میں ہمت ہے تو میرے خلاف الیکشن لڑیں۔اس غیر متوقع پیش رفت نے کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سیاسی کشیدگی کو نئی ہوا دے دی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا یتّنال بھی اپنے چیلنج کے مطابق اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہیں یا نہیں۔
