KSRTC: ₹1 Cr for Accident Victims’ Families کے ایس آر ٹی سی: لواحقین کو ایک کروڑ معاوضہ

کے ایس آر ٹی سی حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے معاوضہ

 زخمی ملازم کو پہلی مرتبہ 25 لاکھ روپے کی امداد

بینگلور، 26 اپریل (حقیقت ٹائمز)

کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کے تحت، آج ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے حادثے میں جاں بحق دو ملازمین کے اہل خانہ کو فی کس 1 کروڑ روپے، یعنی مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے کا معاوضہ فراہم کیا گیا۔ اس کے علاوہ حادثے میں زخمی ہو کر پیر سے محروم ہونے والے ایک ملازم کو پہلی مرتبہ 25 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا گیا۔یہ رقوم ریاست کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ، رام لنگا ریڈی نے ایک خصوصی تقریب میں تقسیم کیں۔مرکزی دفتر میں منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ملازمین کی جانیں نہایت قیمتی ہیں، جنہیں واپس نہیں لایا جا سکتا، لیکن ان کے اہل خانہ کو مالی تحفظ فراہم کرنے کی نیت سے ٹرانسپورٹ سیفٹی اسکیم کو نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کی محنت اور قربانیوں کے نتیجے میں ادارہ آج ترقی کی راہوں پر گامزن ہے، اور جاں بحق ملازمین کے خاندانوں کی دیکھ بھال کرنا ادارے کی ذمہ داری ہے۔رام لنگا ریڈی نے بتایا کہ چاروں کارپوریشنز کے تحت اب تک ہمدردی کی بنیاد پر ایک ہزار افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے معاوضے کی رقم کو بچوں کی تعلیم، مکان کی تعمیر اور دیگر مفید کاموں میں استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور وارننگ دی کہ سود خوروں یا غلط ہاتھوں میں یہ رقم نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی صحت کے تحفظ کے لیے "کے ایس آر ٹی سی ہیلتھ اسکیم" نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت ریاست بھر کے 300 سے زائد اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اب تک 56,000 سے زائد ملازمین اور ان کے اہل خانہ اس سے استفادہ کر چکے ہیں۔حادثے میں ڈیوٹی کے دوران اپنا پیر گنوانے والے ڈرائیور-کم-کنڈکٹر، سنیل کمار بی ڈی (ارکل گوڈو یونٹ، ہاسن ڈویژن) کو 25 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا گیا۔ ساتھ ہی انہیں 8 ماہ اور 14 دن کی آئی او ڈی (Injury on Duty) رخصت بھی منظور کی گئی۔ادارے نے ان کے مکمل طبی علاج کا خرچ، جو کہ 4,85,762 روپے تھا، برداشت کیا اور انہیں ایک آسان عہدے پر تکنیکی معاون کی حیثیت سے دوبارہ تعینات کیا گیا۔ان کے مطابق ڈیوٹی کے دوران یا ذاتی وقت میں حادثے میں ہلاک ہونے والے ملازمین کے اہل خانہ کو فی کس ایک کروڑ روپے کی حادثاتی بیمہ اسکیم بھی نافذ کی گئی ہے۔ اب تک 24 ملازمین کے خاندانوں کو یہ رقم فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ آج مزید دو خاندانوں کو ایک ایک کروڑ روپے کے چیک دیے گئے۔ مجموعی طور پر اب تک 26 خاندانوں کو 26 کروڑ روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔انہوں نےکہا کہ حالیہ برسوں میں دل کے دورے، کینسر، فالج اور دیگر بیماریوں سے اموات میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے، ادارے نے نومبر 2023 سے "ملازمین فیملی ویلفیئر اسکیم" کے تحت معاوضہ کی رقم 3 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی ہے۔ اب تک 125 خاندانوں کو مجموعی طور پر 12.5 کروڑ روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔تقریب میں ادارے کے مینیجنگ ڈائریکٹر انبوکمار وی نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ وزیر کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، معاوضے کی رقوم کو دانشمندی سے استعمال کریں، اور کسی کے جھانسے میں آکر اپنی رقم ضائع نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ہمیشہ اپنے ملازمین کے ساتھ ہے اور ان کی فلاح کے لیے متعدد اسکیمیں جاری کی گئی ہیں۔اس موقع پر کے ایس آر ٹی سی کے نائب چیئرمین رضوان نواب کے علاوہ کئی اعلیٰ افسران، بشمول بی ایم ٹی سی مینیجنگ ڈائریکٹر آر. رام چندرن ، ڈائریکٹر ڈاکٹر نندنی دیوی، اور دیگر موجود تھے۔